اسلام آباد (نیوز رپورٹر)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال لا کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے بطورِ مہمان خصوصی اقراء یونیورسٹی کے 25 ویں کانووکیشن کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا گیا۔تقریب میں فارغ التحصیل طلباء و طالبات، والدین، اساتذہ اور دیگر افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے طلباء و طالبات کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل، سماجی اور جذباتی مہارتیں روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے عالمی منظرنامے کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے تعلیم، اختراع اور قومی ترقی کو اہم قرار دیا اور نوجوانوں کو جدید چیلنجز کے لیے تیار کرنے پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی علمی معیشت کی طرف منتقلی نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا کرے گی۔ تعلیمی اداروں کو تخلیقی سوچ اور قیادت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معلومات اور بصیرت جدید دور میں ترقی کے حقیقی سرمایہ ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت، تعلیمی اداروں اور پارلیمنٹ کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے ویژن کے مطابق طلبہ کو تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیمی بہتری اور اختراع کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 21 ویں صدی کے ناخواندہ وہ ہیں جو دوبارہ سیکھنے کی صلاحیت نہ رکھتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی اور فکری سرمایہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں پائیدار ترقی کا ضامن ہے۔چیئرمین سینٹ نے تعلیمی نظام میں پاکستان پیپلز پارٹی کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستان میں مقیم مسلمانوں کے لیے اسکولز اور کالجز میں داخلے، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ کے باہر کی یونیورسٹیوں میں داخلے اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اقدامات شامل ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں کو قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی ترغیب دی اور تعلیم کو ترقی کی بنیاد قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فارغ التحصیل طلباء پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں قدم رکھتے وقت دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بنائیں۔
انہوں نے طلباء کو قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہے کہ آپ اپنی تعلیم کو ملک و قوم کی خدمت میں لگائیں۔کانوکیشن تقریب کے اختتام پر سید یوسف رضا گیلانی نے طلباء وطالبات کو ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔