لاہور(کامرس ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر برادری سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا شایان شان استقبال کرے گی ،
آل پاکستان انجمن تاجران کے عہدیداروںنے تمام مارکیٹوں میں تاجروں کو متحرک کرنے کیلئے سر گرمیاں شروع کر دی ہیں ،12اکتوبر کو تاجرکنونشن منعقد ہوگا جس کی صدارت شہباز شریف کریں گے ۔
نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ مختلف تاجر تنظیمیں نواز شریف کے بھرپور استقبال کیلئے اپنی بھرپور تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور رواں ہفتے سے اس میں مزید تیزی لائی جائے گی ۔
انہوںنے کہا کہ نواز شریف وژن رکھنے والے قومی لیڈر ہیں ، انہوںنے کئی بار ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالا ہے ، موجودہ حالات میں بھی پاکستان کو نواز شریف کی طرح وژن رکھنے والے لیڈر کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف 21اکتوبر کو عوام کو جامع اور موثر معاشی پلان دیںگے اور ان شا اللہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اس پر بلا تاخیر عمل شروع کیا جائے گا۔