لاہور( نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے پارٹی صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ،قانونی معاملات ،پارٹی منشور، ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے امیدواروںکے چنائو اور آئندہ انتخابات کیلئے بیانیے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والی ملاقات میں پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز ،سلمان شہباز اور دیگر بھی موجود رہے۔شہباز شریف نے نواز شریف سے شریف میڈیکل سٹی میں کرائے گئے طبی معائنے کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پیپلزپارٹی سمیت دیگر سابقہ اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں چار نومبر کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقد کئے جانے والے پارٹی کے خصوصی جنرل کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔نواز شریف نے کہا کہ فلسطینیوں کی محبت کو کوئی دل سے نہیں نکال سکتا ،اسرائیلی مظالم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، جنرل کونسل کا خصوصی اجلاس فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہے ۔