اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)وفاقی حکومت کی قائم کردہ پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کا بڑا فیصلہ ، نجم سیٹھی دور میں منیجمنٹ کمیٹی کی مبینہ بے ضابطگیںوں سے متعلق وزارت بین الصوبائی رابطہ کو آڈٹ سے متعلق تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی،
چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہاکہ ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے،
سب نے مل کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے، ایشیاء کپ ورلڈکپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے۔اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی آمد پر ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی ذاکر خان نے ذکاء اشرف کا استقبال کیا۔
مینجمنٹ کمیٹی کے تمام ممبران کا متفقہ طور پر ذکاء اشرف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ذکاء اشرف کے ساتھ مل کر کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کریں گے، اجلاس میں پی سی بی کے بجٹ سمیت سٹیڈیمز کی تعمیرنو، ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ سمیت اہم امور پر چئیرمین اور منیجمنٹ کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوے ذکا اشرف نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کا شکر گزار ہیں جن کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔ میری خواہش تھی کہ اختلافات نہیں ہونے چاہئیں، ہم نے متحد ہوکر کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے۔ ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے۔ذکا اشرف نے کہا کہ ہم نے سب مل کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے، ایشیاء کپ ورلڈکپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے۔
ہم اپنی پوری توجہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری پر مرکوز رکھیں گے، بین الاقوامی محاذ پر بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کرکٹ کو اسکا جائز حق دلوائیں گے، چاہتے ہیں کہ کرکٹ کی بہتری کے لئے سب مل کر کام کریں۔کوشش کی جائے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی آمدن میں اضافہ ہو۔
اس موقع پر ذکاء اشرف نے بورڈ کے معاملات میں شفافیت لانے ، ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔









