کراچی:
کراچی کی سالانہ قربانی مویشی منڈی 19 اپریل بروز ہفتہ ناردرن بائی پاس پر قائم کی جائے گی، جس کا افتتاح میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کریں گے۔
منڈی کے ایڈمنسٹریٹر شہاب علی اکرام کے مطابق، اس بار منڈی کو فیملی فیسٹیول کے تصور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 1200 ایکڑ پر مشتمل اس منڈی میں دو لاکھ بڑے اور ایک لاکھ چھوٹے مویشیوں کی گنجائش ہے۔
منڈی میں 20 بلاکس بنائے گئے ہیں، جن میں وی آئی پی بلاک کے لیے فیس مقرر ہے، جبکہ جنرل بلاک مفت سہولیات فراہم کرے گا۔ بیوپاری اپنی سہولت کے مطابق اسٹال بنا سکیں گے، جبکہ پارکنگ چارجز میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
خریداروں کے لیے فوڈ کوٹ، سیکیورٹی کے لیے 20 سے زائد پولیس پوسٹیں، اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جانوروں کا معائنہ بھی شامل ہے۔ ادویات نصف قیمت پر دی جائیں گی تاکہ صحت مند قربانی کو یقینی بنایا جا سکے۔