نارتھ کراچی کے ایک مشہور بین الاقوامی فوڈ ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ تھانہ سر سید کی حدود میں 16 اپریل کی رات پیش آیا، جب درجنوں افراد نے ریسٹورنٹ پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کی، جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں چار افراد—وسیم عمر، عزیر ابراہیم، حماد عباس اور عبید الیاس—کو حراست میں لیا گیا۔ واقعے کے دوران ایک پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں انسدادِ دہشتگردی، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔