واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز)امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے نائیجر کے معزول صدر بازوم کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے نیجر کے معزول صدر محمد بازوم کو امریکہ کی مستقبل حمایت کا یقین دلایا اور زور دیا کہ فوجی بغاوت نے نیامی کے لیے سیکڑوں ملین ڈالر کی امداد کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا کہ بلنکن نے بازوم کے ساتھ فون کال کے دوران زور دے کر کہا کہ امریکہ نیجر میں آئینی نظم اور جمہوری حکمرانی کی مکمل بحالی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔
بلنکن نے نہ صرف نیجر بلکہ وسیع تر مغربی افریقی خطے میں سیکورٹی بڑھانے میں بازوم کے کردار کی تعریف کی۔نیجر کے سابق رہنما محمد اسوفو کے ساتھ ایک الگ بات چیت میں بلنکن نے بازوم کی مسلسل حراست کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ بلنکن نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کیتھرین کولونا کے ساتھ نیجر کی صورت حال کے بارے میں بات کی اور نیجر میں آئینی نظم بحال کرنے کی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔