پاکستان کی باہمت خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی تیسری سب سے بلند چوٹی ‘کنچن جونگا’ کو کامیابی سے سر کر کے ایک اور شاندار کارنامہ اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے جمعرات کی شام کیمپ فور سے اپنا سفر شروع کیا اور آج صبح 6 بجے 8586 میٹر بلند چوٹی کی چوٹی پر پہنچ کر پاکستان کا پرچم فخر سے لہرایا۔
یہ عظیم چوٹی بھارت اور نیپال کی سرحد پر واقع ہے اور بھارت کی سب سے بلند ترین چوٹی مانی جاتی ہے۔
نائلہ کیانی نے اس تاریخی کامیابی کے بعد کہا کہ اگرچہ انہیں اپنے کارنامے پر فخر ہے، لیکن ان کا سفر یہیں ختم نہیں ہوا۔ ان کے مطابق کنچن جونگا کو سر کرنا محض ذاتی کامیابی نہیں بلکہ یہ ہر پاکستانی خاتون کے لیے ایک پیغام ہے کہ خواتین اپنی سوچ سے کہیں زیادہ مضبوط اور باہمت ہیں۔
اب تک نائلہ کیانی 8000 میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کر چکی ہیں، اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پاکستان کی پہلی اور واحد خاتون ہیں۔ ان کا اگلا ہدف دنیا کی تمام 8000 میٹر سے بلند چوٹیوں کو سر کرنا ہے۔