شنگھائی (نیوز ڈیسک )نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران وہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام سے متعلق معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سینیٹر اسحاق ڈار پاکستان کی جانب سے بانی رکن کی حیثیت سے اس معاہدے پر دستخط کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم 17 جولائی کو منعقد ہونے والی 2026 ورلڈ اے آئی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ مختلف ممالک کے اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ شنگھائی ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر ان کا استقبال شنگھائی میونسپل پارٹی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور نائب میئر وو وی، چین میں پاکستانی ناظم الامور اعزاز خان، اور شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل مسٹر شہزاد احمد خان نے کیا۔