عمان(انٹرنیشنل نیوز)اردن کے شاہ عبد اللہ نے اپنی حکومت کو ملک کے نئے انتظامی دارالحکومت کی تعمیر کیلئے ٹائم ٹیبل مقرر کرنے کاحکم دیدیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مجوزہ شہر دارالحکومت عمان کے مشرق میں تعمیر ہوگا، یہ حکومت کی طرف سے حالیہ دہائیوں میں منصوبہ بندی کیا گیا نیا میگا پراجیکٹ ہے۔دیگر پروجیکٹس میں پانی صاف کرنے کے پلانٹ اور آئل ریفائنری شامل ہیں۔
شاہ عبد اللہ نے نئے شہر کی تعمیر کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ یہ معیشت کو مضبوط کرنے کا اہم ذریعہ ہوگا۔شاہ عبد اللہ نے وزراء کو منصوبے کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہر دیگر شہروں کیلئے ماڈل ہوگا اور یہاں اعلیٰ ماحولیاتی معیار قائم کیا جائے گا۔حکومتی ترجمان فیصل الشبول نے کہاکہ نئے شہر کے تعمیراتی منصوبے مکمل ہونے میں دو برس لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 2025میں 7کروڑ ڈالر سالانہ کی لاگت سے انفرااسٹرکچر تعمیر کرے گی۔ترجمان نے کہا کہ نئے شہر میں 10 لاکھ افراد کو بسانے کیلئے 25 سال لگیں گے اور زیادہ تر حکومتی محکمے وہاں منتقل ہوجائیں گے۔









