اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کومذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی تاہم طارق فضل چوہدری نے ان سے مذاکرات کی کوئی بات کی ہو تو مجھے پتہ نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم بھی متعدد بار پارلیمنٹ کے فورم پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، میں تو پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوتیں دے دے کر تھک گیا ہوں، اب کہنا بند کر دیا ہے۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے ملاقات میں قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے متعلق گفتگو ہوئی۔ یوم آزادی کی تقریب کے لئے ان کے ایم این ایز کے نام مانگے، اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب اس لیے کیا تھا کہ وہ مذاکرات کریں، لیکن لگتا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو بھی مذاکرات کی اجازت نہیں ملی۔
اصل بات یہ ہے کہ تحریک انصاف والے مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے۔ایاز صادق نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل مل بیٹھنے میں ہے مگر میڈیا میں کہہ دینے سے مذاکرات نہیں ہوتے۔ اپوزیشن لیڈر میرے چیمبر میں نہیں آنا چاہتے تو کمیٹی روم آجائیں، میں چیمبر خالی کر دوں گا۔انہوں نے کہا کہ جن اپوزیشن ارکان کی وجہ سے پارلیمانی کمیٹی بنی تھی انہوں نے بحالی کی کوئی درخواست نہیں کی۔ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آمنے سامنے بیٹھ کر قومی مسائل پر بات کریں۔