اداکارہ میمونہ قدوس نے حالیہ ایک پوڈکاسٹ میں اپنے کیرئیر کے آغاز پر پیش آنے والے تلخ تجربے کا انکشاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پہلے ڈرامے کے سیٹ پر انہیں ہراسانی جیسے ہولناک ماحول کا سامنا کرنا پڑا، جسے وہ آج تک ذہن سے نکال نہیں سکیں۔
میمونہ نے پراجیکٹ کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہدایتکار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر ٹیم ممبران کا رویہ غیر پیشہ ورانہ اور تکلیف دہ تھا۔ ان کے مطابق ہر کوئی اُنہیں گھور رہا تھا، اور اگرچہ کچھ بھی "واقعی” نہیں ہوا، مگر نیتیں صاف نہیں تھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب کسی اداکارہ کو کسی معتبر چینل یا کاسٹنگ ایجنسی کے ذریعے منتخب کیا جائے تو ماحول نسبتاً محفوظ ہوتا ہے، لیکن جب ہدایتکار براہ راست کسی سے رابطہ کر کے کاسٹ کرتا ہے، تو غیرمحفوظ حالات جنم لیتے ہیں۔
یہ تجربہ نہ صرف ان کے اعتماد کو متاثر کر گیا بلکہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک ایسا باب بن گیا جسے وہ کبھی دہرانا نہیں چاہتیں۔ ان کے مطابق، شوبز انڈسٹری میں نووارد خواتین کو خاص طور پر ایسے خطرات کا سامنا ہوتا ہے، اور انہیں مضبوط سسٹمز کی ضرورت ہے۔