مکوآنہ (کامرس ڈیسک)مہنگائی کی وجہ سے اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت آدھی رہ گئی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت اپریل میں سالانہ بنیادوں پر 47 فیصد کمی کے بعد 11 لاکھ 71 ہزار ٹن رہی جبکہ مالی سال 2023 کے 10 ماہ میں مجموعی فروخت 24 فیصد کم ہو کر1 کروڑ 39 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی تاہم اپریل میں ماہانہ بنیادوں پر ایندھن کی فروخت 6 فیصد بڑھ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپریل 2023 میں فرنس آئل کی کھپت 72 ہزار ٹن رہی جو اپریل 2022 میں 4 لاکھ 61 ہزار ٹن تھی،ماہانہ بنیادوں پر فروخت 16 فیصد کم ہوئی جبکہ جولائی سے اپریل کے دوران گزشتہ سال کی نسبت فروخت 40 فیصد تنزلی کے بعد 18 لاکھ 66 ہزار ٹن رہی۔ اپریل کے دوران ڈیزل کی فروخت 50 فیصد کمی کے بعد 4 لاکھ 6 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ برس اسی ماہ 9 لاکھ 19 ہزار ٹن تھی۔جبکہ مالی سال 2023 کے ابتدائی 10 ماہ میں 28 فیصد کمی کے بعد 52 لاکھ 83 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی تاہم ماہانہ بنیادوں پر 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
اپریل میں پیٹرول کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 25 فیصد کم ہو کر 5 لاکھ 80 ہزار ٹن رہی تاہم ماہانہ بنیادوں پر 4 فیصد اضافہ ہوا۔ مالی سال 2023 کے ابتدائی 10 ماہ میں پیٹرول کی فروخت 17 فیصد کم ہو کر 61 لاکھ 73 ہزار ٹن رہی۔ٹاپ لائن ریسرچ کے تجزیہ کار نے بتایا ہے اپریل 2023 میں سالانہ بنیادوں پر کمی کی وجہ ڈیزل اور فرنس آئل کی فروخت میں بڑی تنزلی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10روپیاورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ پٹرول کی قمیت 282 روپے کی سطح پر برقرار ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قمیت 5 روپے کمی کے بعد 288 روپے ہوگئی۔









