مریم نواز

مون سون، ہیٹ ویو اور اربن فلڈنگ کا خدشہ، تمام ادارے الرٹ رہیں: مریم نواز

لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جولائی، اگست اور ستمبر کے دوران درجہ حرارت میں اضافے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل تیاری رکھیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بعض شہروں میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے، کچھ علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بروقت پیشگوئی کے لیے ارلی وارننگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے۔مریم نواز نے ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے متحرک رہیں، جبکہ ریسکیو اور دیگر ادارے موک ایکسرسائزز جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے شدید سیلاب سے سبق سیکھتے ہوئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، مویشیوں کے لیے خوراک کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہیٹ ویو اور موسم کی صورتحال کے حوالے سے عوام کو بروقت ایڈوائزری جاری کی جائے، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بزرگوں، خواتین اور بچوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں۔مریم نواز نے کہا کہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت کے انتظامات مکمل ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بارش کا پانی فوری نکال دیا جاتا ہے، دیگر صوبوں کا نام لیے بغیر کہا کہ وہاں پانی کھڑا رہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کاہنہ جیسے سانحات کی روک تھام کے لیے "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر کے شہری درخواست دے سکتے ہیں، سکیم کے تحت 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض بھی فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں