جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف 10 اپریل کو اسلام آباد میں کنونشن اور 13 اپریل کو کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے امت مسلمہ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمران امریکا اور مغرب کے سامنے جھک رہے ہیں، اور امت مسلمہ کو اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسلمان شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اسرائیل نے امن معاہدہ توڑ کر غزہ پر حملہ کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جنگی مجرم ہے اور عالمی عدالت انصاف نے اس کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ فلسطین میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء کی شدید کمی ہے، جبکہ مسلمان حکمران خاموش ہیں۔ ان کے مطابق، جو جرم کرنے والے ہیں اور جو اس پر خاموش ہیں، دونوں برابر کے مجرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کی طرف بڑھتے قدموں سے کوئی عرب ملک محفوظ نہیں رہ سکے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھائیں۔
جے یو آئی کے سربراہ نے اعلان کیا کہ 10 اپریل کو تمام مکاتب فکر کا کنونشن منعقد کیا جائے گا اور 13 اپریل کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد مظاہرہ ہوگا۔