اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور ٹیکنالوجی سے پیدا ہونیوالے چیلنجز کے لئے تیار رہنا ہوگا،پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو این ڈی آرایم ایف کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی کے لائحہ عمل کی تشکیل اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ موسمیاتی تبدیلی اور ٹیکنالوجی سے پیدا ہونیوالے چیلنجز کے لئے تیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے۔ پاکستان کو پچھلے سال تاریخ کے تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت کا عزم ہے کہ سرمایہ کاری کے شعبہ کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی تغیرات کے اثرات سے بچنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا ہوگا۔