مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے ایک بار پھر وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی خود کو پہلے چائے والا کہتے تھے، پھر چوکیدار بنے اور اب "سندور بیچنے” لگے ہیں۔
انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ "آپریشن سندور” صرف ایک سیاسی چال تھی، جس کا مقصد ملک میں بی جے پی کی گرتی ہوئی ساکھ کو سہارا دینا تھا۔ ممتا نے کہا کہ یہ کارروائی نہ صرف ناقابل اعتبار تھی بلکہ بھارت کے مفادات کی ترجمانی کرنے والی کوششوں کو نقصان پہنچانے والی بھی تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ "میں یہ بات عام طور پر نہ کہتی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مختلف جماعتیں بھارت کا مؤقف دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہیں، مگر مودی صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے بنگال آئے۔”
ممتا بینرجی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر کے ذریعے صرف نفرت اور تقسیم کو فروغ دیا۔
"یہ افسوسناک ہے کہ ایک ملک کا وزیرِاعظم خود کو کبھی چائے والا، کبھی چوکیدار اور اب سندور بیچنے والا قرار دیتا ہے، تاکہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔”