لاہور (کامرس ڈیسک) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں 30 فیصد سے زائد مہنگائی ہوچکی ہے،ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے سیاسی جماعتیں مل کر پالیسی بنائیں۔
انہوں نے لاہور میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور میاں انجم نثار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، حکومتیں بجلی کی چوری پر قابو پانے میں ناکام رہیں۔ملک میں 30فیصد سے زائد مہنگائی ہوچکی ہے، سیاسی پارٹیوں سے درخواست ہے مل کر پالیسی بنائیں۔ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے تو تمام سیاسی پارٹیوں کو بلائیں گے۔
عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی فروری میں کانفرنس کرے گی، جس میں ہم 15 سال کا لائحہ عمل دیں گے۔حکومت نے ایل سی کھولنے کا اعلان کیا لیکن بینک اس پر تاحال عمل نہیں کررہے ہیں۔کاشف انور نے کہا کہ اب ہم سیاسی جماعتوں کی حب الوطنی دیکھنا چاہتے ہیں، سب کو دعوت دیتے ہیں، ہاتھ بڑھائیں اور ملک کو بچائیں۔میاں انجم نثار نے کہا کہ ہر حکومت اپنی پالیسی لے آتی ہے، کسی بھی حکومت نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک بینکوں کو لگام دیں اور ملکی معاشی صورتحال مستحکم کرنے کے لئے مضبوط حکومت ہونی چاہیے۔