اسلام آباد:
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملکی قرضوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے عمر ایم خان کو وزارت خزانہ میں مشیر برائے ڈیبٹ مینجمنٹ تعینات کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق عمر ایم خان 9 اپریل سے اپنے عہدے پر فائز ہو چکے ہیں۔ عمر ایم خان بینکاری کے شعبے میں 25 سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور انہیں نجی قرضوں، معاشی تجزیے، حکومتی رابطوں اور عالمی مالیاتی امور میں مہارت حاصل ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ وہ ابھرتی ہوئی معیشتوں میں کام کا تجربہ رکھتے ہیں اور ملکی سطح پر پائیدار ترقی کے لیے ان کی تقرری کو فیصلہ کن قدم سمجھا جا رہا ہے۔