ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے سینئر اداکارنصیرالدین شاہ نے کہاہے کہ بھارت میں مودی حکومت بعض متنازعہ اور پروپیگنڈہ فلموں اورپروگراموں کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف نفرت سے فائدہ اٹھا رہی ہے ۔
ایک انٹرویو میں نصیر الدین شاہ نے کہاکہ یہ امرانتہائی پریشان کن ہے کہ فن اورفلموں کے ذریعہ یکطرفہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور عوام تک گمراہ کن معلومات فراہم کی جارہی ہیں ،
جس سے اسلاموفوبیاکے موجودہ دورکے خطرناک رحجان کی عکاسی ہوتی ہے۔ نصیرالدین شاہ نے جو بی جے پی حکومت کے سخت ناقد ہیں کہاکہ بھارت میں حکومت مسلمانوں کے خلاف نفرت سے چالاکی کے ساتھ استفادہ کررہی ہے اور یہ چیزاب فیشن بن گئی ہے۔
بعض فلموں اورپروگراموں سے گمراہ کن معلومات کی فراہمی کے ذریعے اورپروپیگنڈہ کے طورپر استعمال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں نصیرالدین شاہ نے کہا کہ سکرین کے موڈ کے ذریعے حالات و واقعات کی عکاسی کی جاتی ہے تاہم بھارت میں الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے اسلاموفوبیاکا بے دریغ استعمال کیاجارہاہے۔









