بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دشت روڈ پر پولیس ٹرک پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید اور 19 زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا جب اہلکار ڈیوٹی سے واپسی پر تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
دھماکے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید مذمت کی، شہداء کے لیے دعائیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔