اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے اداکاراؤں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایف آئی اے سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
اپنے بیان میں وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ بدتمیزی، بدتہذیبی اور کردار کشی کی غلیظ مہم کا کلچر پھیلانے والوں کی پورے معاشرے کی طرف سے مذمت ہونی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ صرف اپنی ماؤں بہنوں کی عزت کی فکر اور باقی دنیا کی عورتوں کی عزت نہ کرنے والے عناصر ذہنی بیمار ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ اختلاف رائے کرنے والوں کو گالیاں دینا، ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عزت نہ کرنا، گھروں پر حملے، گھیراؤ کرانا اور ہراساں کرنا ”گھریلو تربیت”کی علامات ہوتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اداکار ملک کا اثاثہ اور پاکستان کی پہچان ہیں،بیمار ذہن ہی ان پر حملے کرتے ہیں ۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ فنکار معاشرے میں اپنی محنت سے مقام حاصل کرتے ہیں،فنکار مشکلات کا سامنا کرکے قبولیت عام پاتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ خواتین سیاست، صحافت، فن یا کسی بھی شعبے میں کوئی مقام پائیں تو ان کی کردار کشی شروع کر دی جاتی ہے ۔
وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ خواتین کے خلاف یہ بدنما مہم صرف عورت ہونے کی وجہ سے چلائی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عورتوں کی محنت، جدوجہد اور صلاحیتوں کا اعتراف اور احترام کرنے کے بجائے گند اچھالنا شرمناک ہے۔ وزیراطلاعات و نشریات نے کہاکہ خواتین حوصلے،ہمت اور منزل کو حاصل کرنے کے عزم کی علامت بن چکی ہیں، ایسی بے ہودگی ان کی کامیابیوں کا سفر روک نہیں سکتیں۔









