لاہور (ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اچانک علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ پہنچ گئے۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرمحمد وسیم بھی ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی،اوپی ڈی،آپریشن تھیٹرز،میڈیسن سٹور،وزیراعلیٰ شکایات سیل و دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔او پی ڈی میں مریضوں کی طویل قطارپر ایم ایس سے سخت برہمی کا اظہارکیا اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سرزنش بھی کی۔خواجہ سلمان رفیق نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے واضح مقامات پر ادویات کی فہرستیں اور ڈاکٹرزکے ڈیوٹی روسٹرزآویزاں کریں۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کے دورے کرکے حالات کاجائزہ لیاجارہاہے۔مریضوں کیلئے آسانیاں پیدانہ کرنے والا ایم ایس سیدھاگھرجائے گا۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں غفلت کرنے والے ایم ایس کی محکمہ صحت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بہتری کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کی جارہی ہیںاورسرکاری ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیادپر دورے کرنے کا بنیادی مقصدہی مریضوں سے براہ راست فیڈبیک لیناہے۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ڈاکٹرزکمیونٹی کی دل سے عزت کرتاہوں لیکن اس طرح کام نہیں چلے گا۔ہمارے پاس عوامی خدمت کا مینڈیٹ ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈلیوری میں دشواری پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
٭٭٭٭