اداکارہ ثروت گیلانی

مرنے والے کی نسبت زندہ شخص کو کھونے کا احساس زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے ‘ ثروت گیلانی

کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ ثروت گیلانی نے اپنے جذباتی تعلقات اور زندگی کے گہرے دکھ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہاکہ زندگی کا سب سے بھاری غم ہمیشہ کسی عزیز کی موت سے وابستہ نہیں ہوتا، بلکہ بعض اوقات سب سے تکلیف دہ احساس اس شخص کو کھونے کا ہوتا ہے جو زندہ تو ہو، مگر آپ کی زندگی کا حصہ نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی رشتے، دوستی یا جذباتی تعلق کا ختم ہو جانا بھی اتنا ہی دردناک ہو سکتا ہے، کیونکہ ایسے غم کو محسوس کرنے یا اس پر سوگ منانے کے لیے کوئی واضح موقع یا جگہ موجود نہیں ہوتی۔اداکارہ کے مطابق موت کے بعد انسان کو الوداع کہنے کا ایک طریقہ ہوتا ہے، لیکن جب کوئی زندہ ہو کر بھی زندگی سے دور چلا جائے تو صرف یادیں، ادھورے سوال اور ان کہے جذبات باقی رہ جاتے ہیں، جن سے نکلنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

ثروت گیلانی نے کہا کہ جب لوگ ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں یا رابطہ ختم ہو جاتا ہے تو وہ اپنی اپنی زندگیوں میں مصروف ہو جاتے ہیں، مگر جذباتی طور پر ان کی غیر موجودگی کا درد برقرار رہتا ہے، یہی وہ احساس ہے جو انسان کے لیے سب سے بھاری نقصان بن جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں