مکوآنہ (ہیلتھ رپورٹر)مرض کے علاج کی بجائے لوگوں میں مرض سے پیشگی بچاؤ کیلئے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری غیر سرکاری تنظیموں سے ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ٹرانسپرنٹ ہینڈز فاؤنڈیشن یو ایس اے کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ وفد میں فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ رمیضہ معین، ڈائریکٹر آپریشن راحیل عباس اور ہیڈ کارپوریٹ افیئرز محمد فیصل حمید شامل تھے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ پاکستان میں صحت کارڈ کی سہولت کے ساتھ ساتھ رجسٹر ڈ محنت کشوں کو سوشل سیکورٹی اور سرکاری ہسپتالوں کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
اس صورتحال میں غیر سرکاری رفاعی تنظیموں کی طرف سے طبی سہولتوں کی فراہمی دوہرے پن کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے ملک میں وسیع پیمانے پر بیماریوں سے بچاؤ کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کم سے کم لوگ بیمار ہوں اور اْن کے علاج پر آنے والے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اگرچہ بزنس کمیونٹی کا منتخب ادارہ ہے مگر ہم شہر اور شہریوں کی فلاح وبہبود کیلئے بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپرنٹ ہیڈز فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد کو سراہا اور کہا کہ جب فاؤنڈیشن فیصل آباد میں کیمپ لگائے تو وہ خدیجہ ٹرسٹ ہسپتال کا ضرور دورہ کرے۔
انہوں نے فاؤنڈیشن کو مستحق لوگوں تک رسائی مہیا کرنے کے سلسلہ میں بھی اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل رمیضہ معین نے بتایا کہ اْن کی فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد پسماندہ علاقوں کے غریب اور مستحق لوگوں کو مفت طبی سہولتیں مہیا کرنا ہے اور یہ سلسلہ 2014ء سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کا سالانہ بجٹ تقریباً 28کروڑ روپے کا ہوتا ہے جس سے وہ مفت ادویات کی فراہمی، میڈیکل ٹیسٹوں، ہیپاٹائٹس بی اور سی کی سکریننگ، پیجیدہ سرجری کی سہولتوں کے علاوہ میڈیکل کیمپ بھی لگاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فاؤنڈیشن اب بون میرو کی سہولت مہیا کرنے کیلئے بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ لوگوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے فاؤنڈیشن نے کئی ہسپتالوں سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں جبکہ 38ہسپتال بھی باقاعدہ اْن کے پینل پر ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر خرم طارق سے درخواست کی کہ وہ ایسے پسماندہ علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں محنت کشوں کیلئے میڈیکل کیمپ لگا کے انہیں ضروری سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے مجوزہ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر خرم طارق کو بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔