فیصل آباد (ایجوکیشن ڈیسک)محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام پرائیویٹ سکو لز مالکان کو موسم گرما کی تعطیلات کی یکمشت فیسیں وصول کرنے سے روک دیا ہے
اور کہا ہے کہ تعطیلات کے دوران طلبا سے ماہانہ کی بنیاد پر فیس وصول کی جائے گی جبکہ اکٹھی فیسیں وصول کرنے کی شکایت پر نہ صرف متعلقہ سکول کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ مذکورہ سکول کی رجسٹریشن منسوخ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا
نیز سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے اس ضمن میں ڈائریکٹر مانیٹرنگ سکول ایجوکیشن کی زیر نگرانی فری ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے اور عوام الناس کو آگا ہ کیا گیا ہے کہ اگر انہیں کسی سکول کے متعلق موسم گرما کی تعطیلات کے دوران 3 ماہ کی اکٹھی فیسیں وصول کرنے کے حوالے سے کو ئی شکایت ہو تو وہ فوری طور پر فری ہیلپ لائن 080002345پر رابطہ کر سکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاشف ضیا نے بتایاکہ عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طلبا و طالبات سے 3 ماہ کی اکٹھی فیسیں وصول کرنے پر سختی سے پابندی عائد ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں تمام پرائیویٹ سکولز مالکان اور انتظامیہ پر واضح کر دیا گیا ہے کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طلبا سے صرف ماہانہ کی بنیاد پر فیس وصول کر سکتے ہیں اور 3 ماہ کی ایڈوانس یا اکٹھی فیس وصول کرنے کی ہر گز اجازت نہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی سکول کے خلاف1ماہ سے زائد کی یکمشت فیس وصول کرنے کی شکایت ملی تو اس کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہو گا۔









