امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے امریکا اور بھارت کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور انڈو پیسیفک خطے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، اس گفتگو میں امریکا کی جانب سے بھارت پر عائد جوابی ٹیرف کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی، اور یہ بھی زیر بحث آیا کہ کس طرح شفاف اور متوازن تجارتی تعلقات قائم کیے جا سکتے ہیں۔
اس سے قبل، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی فون پر بات چیت کی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ مارکو روبیو نے داعش کے دہشتگرد شریف اللہ کی گرفتاری اور حوالگی پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا، اور دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشتگردی کے تعاون کو جاری رکھنے پر زور دیا۔