بھارت کے ریاست اتر پردیش کے شہر للت پور میں ایک گھریلو تنازع نے سڑک پر تماشہ بنا دیا، جب بیوی نے شوہر کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا اور یہ منظر موبائل کیمرے میں قید ہو کر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کسی ذاتی معاملے پر تکرار شروع ہوئی جو جلد ہی جھگڑے میں بدل گئی۔ بحث کے دوران شوہر نے غصے میں آ کر بیوی کا موبائل فون زمین پر دے مارا، جس سے وہ ٹوٹ گیا۔ فون ٹوٹتے ہی بیوی کا پارہ چڑھ گیا اور اس نے شوہر کو بالوں سے پکڑ کر کھینچا اور تھپڑوں، مکوں کی بوچھاڑ کر دی۔
موقع پر موجود لوگ حیرت سے یہ منظر دیکھتے رہے، کچھ نے بیچ بچاؤ کی کوشش بھی کی مگر خاتون کے غصے کے سامنے سب بے بس نظر آئے۔ بعد ازاں پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور شوہر کو خاتون کے قابو سے چھڑانے کی کوشش کی، تاہم انہیں بھی خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون شوہر کو گھسیٹ رہی ہیں جبکہ اردگرد موجود لوگ موبائل سے اس واقعے کی ریکارڈنگ کر رہے ہیں۔









