لاہور ہائیکورٹ کا پانچ رکنی بینچ نظر بندی قانون کے سیکشن تین کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے تحلیل ہو گیا۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں جسٹس خالد اسحاق نے کیس سننے سے معذرت کر لی، جس کے نتیجے میں بینچ تحلیل ہوا۔
جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ اس کیس میں معزز جج صاحب نے 27 اے کے نوٹس کے تحت رپورٹ فائل کی تھی۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے 24 مارچ کو پنجاب حکومت کی درخواست پر نظر بندی قانون کی معطلی کی جلد سماعت کے لیے درخواست منظور کی تھی۔ عدالت نے 27 مارچ کو مرکزی کیس کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کی تھی۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ نظر بندی قانون کا سیکشن معطل ہونے سے متعلق کیس کی سماعت جلد کی جائے، جیسا کہ زینب عمیر اور دیگر کی درخواست پر عدالت نے حکم دیا تھا۔