لاہور(کورٹ نیوز )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ریفرنس وفاقی حکومت کے وکیل اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شیراز ذکا نے دائر کیا جس میں کہا گیا نجی کمپنی کی جانب سے وزارت پٹرولیم کے خلاف دائر کیس گزشتہ 7 سال سے جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں زیر سماعت ہے، جسٹس شمس محمود مرزا نے 7 سال سے حکو مت کے خلاف حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔
مذکورہ کیس 40.1 کروڑ روپے کی پٹرولیم لیوی سے متعلق ہے، ایف آئی اے میں جاری انکوائری کے مطابق، حکومت پاکستان کو 40.1 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ یاد رہے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ عمران خان کی نااہلی کیخلاف کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔
نااہلی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نا اہل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔ الیکشن میں نااہلی قانون اور آئین کے منافی کی گئی ہے ۔ درخوست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔









