لاہور میں ایک چونکا دینے والے واقعے میں پنجاب پولیس کے ٹیلی کمیونیکیشن وِنگ سے وابستہ اے ایس آئی کو اپنے ساتھی سمیت منشیات کی بھاری مقدار کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ مصری شاہ کے اہلکاروں نے ریلوے کالونی لال مسجد کے قریب دو مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی مگر پولیس نے تعاقب کر کے دونوں کو قابو میں کر لیا۔
گرفتار افراد میں سے ایک نے اپنی شناخت عمرفاروق، اے ایس آئی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب پولیس، جبکہ دوسرے نے اپنا نام محمد علی بتایا۔
تفتیش کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چار کلو چرس برآمد کی، جس پر دونوں کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، چاہے وہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ہی فرد کیوں نہ ہو۔