لاہور (کلچرل رپورٹر) گلوریس پروڈکشن کے زیر اہتمام علی ایڈیٹوریم میں منعقدہ ’سنگ مہک‘ میوزک شو میں معروف گلوکارہ مہک علی نے اپنی جاندار پرفارمنس سے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ تقریب میں شوبز شخصیات، موسیقی کے دلدادہ افراد اور مہک علی کے مداحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہک علی نے اپنے فلمی، فوک اور صوفی گیتوں کے علاوہ ملکہ ترنم نور جہاں اور ریشماں جی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشہور گانے بھی گائے، جن پر حاضرین نے دل کھول کر داد دی۔
مہک علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موسیقی کو فروغ دینے کے لیے ایسی ثقافتی تقریبات کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے گلوریس پروڈکشن کی جانب سے منعقدہ اس یادگار شو کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ مہک علی صوفی، فوک اور پلے بیک سنگنگ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں اور امریکا، یورپ، کینیڈا سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔









