لاہور ایئرپورٹ پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے گداگری کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 82 مشتبہ مسافروں کے خلاف کارروائیاں کیں اور 76 کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کردیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، لاہور ایئرپورٹ پر اسکریننگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے اور رواں سال کے دوران گداگری میں ملوث 82 مسافروں کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ان میں سے 76 مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کیا گیا جبکہ چھ کو بھیک مانگنے کے شبہے میں آف لوڈ کر کے ان کے گھر بھیج دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ گرفتار شدہ مسافر مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہو کر آئے تھے اور بیشتر سعودی عرب، ایران، عراق اور دیگر عرب ممالک سے واپس آئے تھے۔ ان افراد نے زیارات اور حج و عمرہ کے لیے ویزے پر سفر کیا تھا لیکن وہاں پہنچ کر بھیک مانگنے لگے۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس کارروائی کے پیچھے اعلیٰ حکام کی ہدایت تھی اور ان کے مطابق مسافروں کی اسکریننگ کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ اس غیر قانونی عمل کا سدباب کیا جا سکے۔