لاہور (کامرس رپورٹر)حکومتی دعوﺅں کے برعکس لاہور کے بازاروں میں چینی کی قیمت 180 روپے تک پہنچ گئی۔ کراچی میں بھی 164 روپے فی کلو کے احکامات سے فیض یاب نہ ہوسکے۔
شہر میں فی کلو چینی 175 روپے میں دستیاب ہے۔لاہور کے مختلف بازاروں میں اس وقت چینی کی قیمت 180 روپے تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب چینی کی ایکس مل پرائس میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کریانہ مرچنٹ ایسوسی نے نئی قیمت پرتحفظات کا اظہار کر دیا ۔کریانہ ایسوسی ایشن کے مطابق حکومتوں کا زور صرف چھوٹے دکاندار پرچلتا ہے، ناجائز منافع کمانے والے خود کو بری الزمہ قرار دلوانا چاہتے ہیں، چینی کا ریٹ بڑھانا ہی تھا توکرشنگ سیزن میں بڑھاتے۔
ادھر وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت 164 روپے کلو مقرر کرنے کے باوجود کراچی کے بازاروں میں چینی 170 سے 175 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔وفاقی وزیرغذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چینی 180 روپے فی کلو ہونے کی خبر بے بنیاد ہے، چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی کی قیمتوں پرایکشن لیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹور پر چینی 153روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164روپے فی کلو ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، صوبوں کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں، چینی کی قیمتوں میں اضافے کی افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، کسی کو چینی کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔









