ملتان(نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسی گیلانی نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کو براہِ راست الیکشن کے میدان میں ٹکر لینے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اتنا بڑا کوئی طوفان یا توپ چیز نہیں ، اس کو ہوا بنایا ہوا ہے، ہمیں کوئی ڈر اور خوف نہیں ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں، اس کو جمہوری نکیل ڈال کر رکھیں گے ۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں علی موسی گیلانی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں "سیاسی میدان” میں آنے کی دعوت دے دی، انہوں نے واضح کیا کہ وہ عمران خان سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی انہیں ‘قیدی نمبر 804’ کے نام سے کوئی خوف ہے ۔ علی موسی گیلانی نے کہا کہ عمران خان کو ایک مصنوعی ہوا بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، حقیقت میں وہ کوئی اتنا بڑا طوفان نہیں ہیں، نکالیں عمران خان کو جیل سے، وہ آئے اور میرے خلاف الیکشن لڑ کر دکھائے، ہمیں کوئی ڈر اور خوف نہیں ہے، جن کو ڈر ہے وہ اس کے خواب دیکھیں، ہم سیاسی لوگ ہیں اور اسے جمہوری نکیل ڈال کر رکھیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا نام لینے پر لگی مبینہ پابندی ختم ہونی چاہیے کیونکہ وہ کوئی ایسی ہستی نہیں جس کا نام نہ لیا جا سکے، سیاست دانوں کو جیلوں کے پیچھے رکھ کر ہیرو بنانے کے بجائے انہیں انتخابی اکھاڑے میں شکست دینی چاہیئے، صرف پاکستان پیپلز پارٹی عمران خان کے سیاسی بیانیے کو ووٹ کی طاقت سے شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔