وزیر اعظم

قوم دہشت گردی کے ناسور کےخلاف اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل، کوہاٹ کے قریب دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنانے والے بہادر شہری شہید لیاقت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے لیاقت نے مشتبہ شخص کو روک کر اس کی شناخت پوچھی، جس پر دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، اس واقعے میں لیاقت نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہید لیاقت کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان کو روک دیا اور ان کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، شہید لیاقت نے غیر معمولی جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی اعلی مثال قائم کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے بہادر اور نڈر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی حقیقی علامت ہیں اور شہید لیاقت کی قربانی قوم کے ہر فرد کےلئے مشعلِ راہ ہے، قوم شہید لیاقت کی قربانی کبھی نہیں بھولے گی اور ایسے بہادر شہری پوری قوم کا اثاثہ ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے بہادر عوام نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔وزیراعظم نے شہید لیاقت کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں