لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم مالدیپ میں ہونیوالے 4 ملکی فٹبال ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔یکم سے 10 جون تک ہونیوالے ٹورنامنٹ میں میزبان مالدیپ ، افغانستان اور بنگلا دیش کی ٹیم بھی شامل ہیں۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ڈائریکٹر میڈیا عمید وسیم نے کہا ہے کہ ایونٹ کے لیے ممکنہ طور پر قومی فٹ بال ٹیم کاکیمپ 20 مئی سے اسلام آباد میں لگے گا جس کے لیے کوچ نولبرٹو سولانو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان چند روز میں کردینگے۔مالدیپ جانیوالی قومی فٹ بال ٹیم کےلیے پاکستان نژاد غیر ملکی فٹ بالرز کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائےگا تاہم اس بارے میں کوچ ہی فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ مالدیپ میں 4 ملکی فٹ بال ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم میں پاکستانی نژاد غیر ملکی فٹ بالرز کے انتخاب پر فٹ بال حلقوں میں شدید بحث چل رہی ہے۔
ایک انٹرویو میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ محسن گیلانی نے کہا یہ بحث فضول ہے، ایسا پہلی بار نہیں ہورہا، کئی سالوں سے یہ سلسلہ چل رہا ہے اور موجودہ فیڈریشن کوئی نیا کام نہیں کر رہی، پاکستان فٹ بال ٹیم کو اچھے اور معیاری کھلاڑیوں کیساتھ میدان میں اتارنے کے لیےکوچ نولبرٹو سولانو کے اس فیصلے کو فیڈریشن کی مکمل سپورٹ ہے۔انہوں نےکہا یہ ان کا یک طرفہ فیصلہ نہیں ہے۔ محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے کوچ کو مکمل اختیارات دے رکھے ہیں۔
پی ایف ایف کے صدر کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ڈومیسٹک فٹ بال ایونٹس سے قومی فٹ بال ٹیم کو معیاری ٹیم بنانے کےلئے ابھی کچھ وقت لگے گا، تب تک ہمیں پاکستانی نژاد غیر ملکی کھلاڑیوں پر انحصار کی پالیسی کیساتھ چلنا ہوگا۔ پیرو سے تعلق رکھنے والے نولبرٹو سولانو کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے محسن گیلانی نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں انہیں فیڈریشن کا مکمل تعاون ہے، وہی ٹیم کا انتخاب کرتے ہیں جو کہ بین الاقوامی سطح پر کوچ کے اختیارات کے مطابق ہے۔
محسن گیلانی نے کہا اگست 2025 میں جب البرٹو سولانو نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو بطور کوچ جوائن کیا، تب ہی یہ طے پا گیا تھا، لہذا سلیکشن کمیٹی کی ضرورت ہی نہیں ہے۔