کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملک میں قانون کی حکمرانی کے خاتمے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عادل ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک زبردستی ڈنڈے کے زور پر نہیں چلایا جا سکتا، بلکہ ترقی صرف آئین اور قانون کی بالادستی سے ہی ممکن ہے۔ تاہم، بدقسمتی سے پاکستان میں نہ آئین کی پاسداری ہے اور نہ ہی قانون پر عمل ہوتا ہے۔حلیم عادل شیخ نے ملتان سے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اون عباس بپی کے اغوا کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دن دہاڑے ایک پارلیمنٹیرین کو اس طرح اغوا کرنا عوام کے دلوں میں نفرت پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کو بنانا ریپبلک نہ بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومتوں کو عوام پر حکمرانی کرنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسی حکومتوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے، عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے اور معیشت روز بروز زوال پذیر ہے۔ جعلی حکومتوں کے باعث ملکی معیشت مسلسل گرتی جا رہی ہے، اور عام آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔
الیکشن کے عمل پر تنقید کرتے ہوئے، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اصل جمہوریت عوام کی طاقت سے بنتی ہے لیکن یہاں عوام کے ووٹ کو بھی چرا لیا جاتا ہے۔ پانچ سال بعد عوام کو ووٹ ڈالنے کا جو حق ملتا ہے، وہ بھی الیکشن کے دن چھین لیا جاتا ہے۔ عوام جسے ووٹ دیتے ہیں، نتیجہ کسی اور کے حق میں آتا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا ملک میں قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے عمران خان اس ملک و قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں۔