اسلام آباد( تعلیم ڈیسک) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے قائداعظم یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ اجلاس میں رکن کی حیثیت سے شرکت کی، جس کے بعد جامعہ کی سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی میں طلبی یونین بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر نیاز کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے جامعہ میں اسلحہ بردار پولیس، رینجرز اور سیکورٹی کی موجودگی پر ناراضگی کا ا ظہار کیا۔
سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل کی سربراہی میں طلبہ یونین کے لیے قواعد طے کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔ اس موقع پرچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ طلبہ یونین غیر جماعتی ہو، فرقہ واریت، لسانی تقسیم سے پاک ہو اور یونیورسٹی کو اسلحہ و منشیات سے پاک رکھیں۔قائد اعظم یونیورسٹی کے پہلے قانون میں یونین موجود تھی، کسی کو بھی یونیورسٹی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیں، ایجنسیوں کو بھی یونیورسٹی معاملات سے دور رکھیں۔جامعہ میں اعلیٰ تعلیم پر توجہ دی جائے۔