اسلام آباد:
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کی اسرائیل سے متعلق پالیسی قائداعظم محمد علی جناح کی واضح ہدایت کے تحت طے کی گئی ہے، اور آج بھی حکومت اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے۔ ہزاروں بے گناہ شہید ہو چکے ہیں، جن میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر عالمی فورم پر فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی کھل کر مذمت کی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ چاہے فلسطین ہو یا کشمیر، مظلوموں کی جدوجہد کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔