فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں سیالکوٹ، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریسکیو ورکرز، فوجی جوانوں اور سول اداروں کی انتھک محنت کو سراہا۔ آرمی چیف نے متاثرہ سکھ برادری سے ملاقات کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تمام مذہبی مقامات، خصوصاً دربار صاحب کرتارپور، ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور ادارے اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں، اور پاکستان اس فریضے کی ادائیگی میں کوئی کمی نہیں آنے دے گا۔ فیلڈ مارشل نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی بروقت حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے قیمتی جانوں اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان سے بچایا گیا ہے۔
سپاہیوں سے خطاب میں آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے اور خدمتِ خلق کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر گجرانوالہ نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا اور انہیں سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔









