فیفا ورلڈکپ

فیفا ورلڈکپ، بیلجیئم نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ناک آﺅٹ مرحلے میں جگہ بنالی

وینکوور(سپورٹس ڈیسک )فیفا ورلڈکپ کے گروپ جی کے اہم مقابلے میں بیلجیئم نے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-5 سے شکست دے کر ناک آٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔وینکوور میں کھیلے گئے اہم فتح والے میچ میں بیلجیئم نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔پہلا گول 28ویں منٹ میں لیانڈرو ٹروسارڈ نے کیا۔ وقفے کے بعد بیلجیئم نے مزید دبا بڑھایا اور 50ویں منٹ میں ٹروسارڈ نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔

اس کے بعد 66ویں منٹ میں کیون ڈی بروئن نے 20 گز کے فاصلے سے شاندار شاٹ لگا کر برتری 0-3 کر دی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ایلیجا جسٹ نے ایک گول کرکے فرق کم کیا تاہم بیلجیئم نے فوری جواب دیتے ہوئے متبادل کھلاڑی رومیلو لوکاکو کے ذریعے چوتھا گول داغ دیا۔انجری ٹائم میں الیکسس سیلیمیکرز نے پانچواں گول کرکے ٹیم کی بڑی فتح مکمل کی۔دوسری جانب ایران اور مصر کے درمیان سیئٹل میں کھیلا گیا فیفا ورلڈکپ گروپ مرحلے کا اہم مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔اس نتیجے کے بعد مصر نے ناک آﺅٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا تاہم ایران کی پری کوارٹر فائنل تک رسائی کی امیدیں اب بھی دیگر گروپس کے نتائج سے وابستہ ہیں۔

میچ کے آخری لمحات میں ایران کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب شجاع خلیل زادہ کا گول وی اے آر کے طویل جائزے کے بعد آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔ گول کے بعد خلیل زادہ نے خوشی میں اپنی شرٹ اتاری، دھوپ کا چشمہ پہن کر تصویر بھی بنوائی لیکن چند لمحوں بعد فیصلہ ان کے خلاف آ گیا۔اس کے فورا بعد اضافی وقت کے ساتویں منٹ میں سعید عزت اللہی کا ہیڈر کراس بار سے ٹکرا گیا جس سے ایران فتح سے محروم رہ گیا۔مصر نے کھیل کے پانچویں منٹ میں محمود صابر کے گول کی بدولت برتری حاصل کی تاہم ایران نے جلد ہی جواب دیا۔مہدی طارمی کی پنالٹی اگرچہ مصطفی شوبیر نے روک لی لیکن ریبانڈ پر رامین رضائیان نے شاندار گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔اس ڈرا کے ساتھ ایران نے گروپ مرحلے کے تینوں میچ برابر کھیلے جبکہ مصر پہلے ہی اگلے مرحلے میں جگہ یقینی بنا چکا تھا اور گروپ میں دوسرے نمبر پر رہا۔ایران کی ٹیم اب بہترین تیسرے نمبر پر رہنے والی آٹھ ٹیموں میں شامل ہونے کی امید رکھتی ہے۔اس کے لیے ضروری ہے کہ گروپ ایل میں کروشیا گھانا سے ہار جائے، یا گروپ کے میں ڈی آر کانگو ازبکستان کو شکست نہ دے یا گروپ جے میں الجزائر یا آسٹریا میں سے کوئی ایک ٹیم کامیابی حاصل کرے

اپنا تبصرہ لکھیں