سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر ایک خطرناک منصوبہ بندی ہو رہی ہے، جسے وہ جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اپنے ہی افراد عمران خان کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے بیان میں واوڈا نے کہا کہ وہ پہلے ہی قوم کو بتا چکے تھے کہ امریکا سے مثبت خبر آنے والی ہے، جو اب آ چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گنڈا پور جیسے قریبی لوگ بھی اپنے سیاسی مستقبل کو بچانے کے لیے سمجھوتے کر رہے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ وطن واپسی پر کئی اہم سوالات کے جواب قوم کے سامنے رکھیں گے، جن میں سینیٹ میں پی ٹی آئی کی نشستوں میں کمی، مراد سعید کو سینیٹر بنانے کی کہانی، اور پارٹی کے مالی معاملات شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کے چند افراد اداروں کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں، جس کے پیچھے خاص مقصد کارفرما ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آنے والے دنوں میں وہ ایک ایسا "خطرناک منصوبہ” بے نقاب کریں گے جو پی ٹی آئی سے جُڑا ہے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزید کسی صحافی کے ساتھ "ارشد شریف جیسا کھیل” نہ ہو۔








