فیصل آباد کے علاقے میں پولیس اور بدنام شاہ گینگ کے درمیان خونی مقابلے کے دوران گینگ کے سرغنہ گلفام شاہ سمیت اس کے 4 سگے بھائی مارے گئے۔ سی سی ڈی فیصل آباد کے ترجمان کے مطابق ان چاروں بھائیوں کے خلاف دہشت گردی، قتل، بھتہ خوری اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم کے کئی مقدمات درج تھے۔
انچارج سی سی ڈی مدینہ ڈویژن، علی اکرام گورائیہ نے بھکر کی تحصیل دریا خان میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے خلاف ریڈ کیا، جس دوران روپوش ملزمان نے پولیس پر بھاری ہتھیاروں سے شدید حملہ کر دیا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
پولیس کے مؤثر جواب پر گینگ کے سرغنہ گلفام شاہ اور اس کے تین بھائی موقع پر ہلاک ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق شاہ گینگ عرصہ دراز سے فیصل آباد کے عوام کے لیے خوف کی علامت بنا ہوا تھا۔ اب اس گینگ کا مکمل طور پر خاتمہ ہو چکا ہے۔ پولیس ترجیحی بنیادوں پر ایسے خطرناک عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔