راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پاکستان فیصلہ کن جواب دے گا۔
فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے خود ساختہ بحران پیدا کرتا ہے اور ان کا الزام پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، جیسے 2019 میں پلوامہ واقعہ۔
شرکاء نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے تاکہ پاکستان کے آبی حقوق سلب کیے جا سکیں، جو کہ نہ صرف خطرناک ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔
فورم نے دہشت گردی میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہر سطح پر تیار ہے۔