کراچی (شوبز ڈیسک)صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی مقامی عدالت نے علیزے فاطمہ سلطان کی درخواست پر بچوں کے اخراجات سے متعلق درخواست پر اداکار فیروز خان کو حکم دیا ہے کہ وہ بچوں کے اخراجات کی مد میں ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کریں گے۔
علیزے فاطمہ اور فیروز خان کے درمیان شادی کے 4 سال بعد ستمبر 2022 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں کے دو بچے ہیں، جو اس وقت والدہ کے پاس ہیں۔طلاق ہونے کے بعد علیزے فاطمہ نے کراچی کی مقامی عدالت میں بچوں کے اخراجات دلوانے کے لیے درخواست دائر کی تھی جب کہ فیروز خان نے اسی کورٹ میں بچوں کی حوالگی سے متعلق مقدمہ دائر کیا تھا۔
دونوں کی درخواستوں پر اکتوبر سے سماعتیں جاری تھیں اور ابتدائی طور پر دونوں کے درمیان بچوں کے اخراجات کے حوالے سے تنازع تھا اور عدالت نے دونوں فریقین کو اپنی رضامندی کے تحت اخراجات کے معاملات حل کرنے کے لیے وقت دیا تھا، تاہم ان کے درمیان اخراجات کے حوالے سے صلح نہ ہوسکی تھی۔جس کے بعد اب عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے فیروز خان کو بچوں کے اخراجات کی مد میں ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔