پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح انداز میں کہا ہے کہ فوج کا سیاسی جماعتوں سے کوئی رابطہ، دلچسپی یا شمولیت نہیں ہے۔ انہوں نے عوام اور سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ فوج کو سیاست سے دور رکھا جائے۔
بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو سیاست کرنی چاہیے، فوج نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ریاست کی نمائندہ حکومت کے احکامات پر عمل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے نشانہ بنانا ایک مایوس کن رویہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا:
"جب ملک کو خطرات لاحق ہوئے، کیا فوج نے اپنا کردار ادا نہیں کیا؟ کیا قوم کو ہماری طرف سے کوئی کمی محسوس ہوئی؟”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج اپنی تمام تر توانائیاں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور ملک کی سالمیت کے تحفظ پر مرکوز رکھتی ہے۔ ان کے مطابق فوج کی اولین ترجیح پاکستان کے عوام، علاقائی خودمختاری، اور قومی سلامتی ہے۔
بلوچستان کے حوالے سے بیان:
بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی پروپیگنڈا کو مسترد کیا اور کہا کہ:
"ہم عوام کی فوج ہیں۔ بلوچستان اور پاکستان ایک ہیں، ان کے درمیان کوئی علیحدگی نہیں۔ بلوچستان ہمارے سر کا تاج ہے۔”
انہوں نے زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔