ویب ڈیسک
05 اپریل 2025
غزہ ایک بار پھر خون میں نہا گیا—اسرائیلی افواج کے تازہ فضائی حملوں میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت مزید 60 فلسطینی شہید ہو گئے، جب کہ 160 سے زائد زخمی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ادھر لبنان کے شہر صیدا میں اسرائیل نے ایک فلیٹ کو نشانہ بنا کر حماس کے کمانڈر حسن فرحات، ان کے بیٹے اور بیٹی کو شہید کر دیا۔ اسی حملے میں معروف صحافی محمد برداول اور ان کا پورا خاندان بھی شہید ہوا۔ یہ اس مہینے میں چوتھے صحافی کی شہادت ہے۔
ایم ایس ایف (ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز) کے مطابق اسرائیلی بمباری میں ان کے 11ویں ڈاکٹر حسام آل لولو، ان کی اہلیہ اور بیٹی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے ان واقعات کو "ممکنہ جنگی جرائم” قرار دیا ہے۔ پاکستان، چین، ایران اور دیگر ممالک نے شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی پر سوال اٹھائے ہیں۔
چینی مندوب کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل ہی واحد راستہ ہے، جب کہ ایران نے صحافیوں اور امدادی اہلکاروں کے قتل کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے مطابق خوراک کی ترسیل روکنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے، جو انسانی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔