لاہور ( کامرس ڈیسک) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پنجاب میں مہنگی گندم کے سبب فلور ملز نے 20کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100روپے اضافہ کر دیا، میدہ فائن کی بوری کی قیمت بھی 200 روپے بڑھا دی گئی۔
صوبائی دارالحکومت میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت 2750تا 2800روپے ہوگئی جبکہ فائن میدہ کی بوری 11500روپے میں فروخت ہوگی، پنجاب بھر میں آٹا اور فائن میدہ کی نئی قیمتیں نافذ کر دی گئی ہیں۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تھیلے کی قیمت آئندہ دنوں مزید بڑھ جانے کا اندیشہ ہے، گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے، امپورٹ کرنے سے گندم مافیا کی کمر توڑی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں بلند سطح پر ہونے کے باعث خریدو فروخت میں سست روی ہے، قیمتوں میں اضافے کے سبب چھوٹی فلور ملز مہنگی گندم خریدنے سے گریزاں ہیں۔ادھر شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے،
آٹا کی قیمتیں اتنی بڑھ گئی ہیں کہ غریب بمشکل گزر بسر کر رہا ہے، روٹی انسان کی بنیادی ضرورت ہے، حکومت کو چاہیے کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کرے۔









