اورنگی ٹاؤن کی فرنٹیئر کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں غربت اور گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر شوہر نے اپنی ہی بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
واقعہ صبحان مسجد، سیڑھی بابا مزار کے قریب ایک گھر میں پیش آیا جہاں خاتون کی لاش تشدد کے نشانات اور کٹی ہوئی گردن کے ساتھ ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقتولہ کی شناخت ملکیات بی بی زوجہ شعیب کے نام سے ہوئی، جو سات بچوں کی ماں تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شوہر شعیب نے بیوی کو سوتے ہوئے پہلے پتھر سے سر پر وار کیا اور بعد ازاں تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
ایس ایچ او پیرآباد انیس الرحمان کے مطابق شعیب فروٹ کا ٹھیلا لگاتا ہے، اور معاشی تنگی کے باعث دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ قتل کے بعد ملزم فرار ہو گیا، اور پولیس نے شواہد اکھٹے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔